15 جولائی ، 2023
ماضی میں بالی وڈ کی ڈریم گرل کہلائی جانے والی اداکارہ ہیما مالنی نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مشہورِ زمانہ فلم 'باغبان' میں اتنے بڑے بچوں کی ماں کا کردار ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔
2003 کی سپر ہٹ فلم باغبان ہیما مالنی کے کیرئیر کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ثابت ہوئی۔
اداکارہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ اس فلم میں کام کرنے سے گھبرا رہی تھیں کیونکہ وہ بالغوں کی ماں کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتی تھیں لیکن اس کے لیے انہیں ان کی والدہ نے راضی کیا۔
تاہم اسی انٹرویو کے دوران ہیما مالنی سے باغبان سے متعلق ایک افواہ کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔
میزبان نے پوچھا کہ کیا یہ سچ ہے کہ آپ کے شوہر دھرمیندرا آج تک باغبان دیکھنے سے انکار کرتے ہیں کیونکہ آپ نے امیتابھ کے ساتھ کیمسٹری شیئر کی تھی جو دھرمیندرا کو پسند نہیں تھی۔
جواب میں ہیما بے ساختہ ہنس دیں اور جواب دیا کہ 'مجھے اس بارے میں علم نہیں ہے'۔
خیال رہے کہ باغبان میں امن ورما، سمیر سونی، ماہیما چوہدری اور سلمان خان کے علاوہ امیتابھ بچن نے مرکزی کردار نبھایا تھا۔
ہیما مالنی کا شوہر دھرمیندرا کیساتھ نہ رہنے کے سوال پر جواب:
اسی انٹرویو میں اداکارہ سے انے شوہر کے ہمراہ نہ رہنے کا سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'کوئی بھی ایسا نہیں بننا چاہتا لیکن جو ہورہا ہوتا ہے انسان کو اسے قبول کرنا پڑتا ہے، ہر عورت چاہتی ہے کہ اس کا شوہر ہو، بچے ہوں، ایک نارمل فیملی کی طرح لیکن کبھی کبھار کچھ لوگوں کے ساتھ ان کی سوچ سے کچھ مختلف ہوجاتا ہے'۔
ہیما مالنی نے اپنی بات کو جاری رکھا اور کہا 'مجھے اس حوالے سے برا نہیں لگتا، میں خود سے مطمئن اور خوش ہوں، میرے دو بچے ہیں جن کی پرورش میں نے بہت اچھے سے کی ہے، بے شک وہ (دھرمیندرا) میرے ساتھ تھے، ہر موقع پر، وہ ہی زیادہ پریشان ہوا کرتے تھے کہ بچوں کی شادی جلدی ہونی چاہیے، میں کہتی تھی وقت پر ہوجائے گی'۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہت کم لوگ اس بات سے آگاہ ہیں کہ ہیما کی والدہ جیا چکراورتھی چاہتی تھیں کہ اداکارہ کی شادی بھارتی اداکار جتندرا سے ہو، اس بات کا تذکرہ ہیما مالنی کی سوانح حیات میں بھی کیا گیا ہے۔