16 جولائی ، 2023
گجرات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منڈی بہاء الدین اور ملک وال میں 3 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے موبائل فونز سے بارڈر پار کرانے کی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتارملزمان ارشد اللہ، مبشر نظیر اور عمر حیات نے سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپ بھجوانے کیلئے بھاری رقم وصول کی تھی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کو جال میں پھنسانے کیلئے بارڈر پار کرانے کی ویڈیوز بھی دکھاتے تھے۔
واضح رہے کہ یونان میں تارکین وطن کی کشتی کے ساتھ پیش آنے والے سانحے کے بعد ملک بھر میں انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
14 جون کو یونان کے ساحلی علاقے میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا، کشتی میں پاکستانی، مصری، شامی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 750 تارکین وطن سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں تقریباً 400 پاکستانی تھے جن میں سے صرف 12 زندہ بچ پائے تھے جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یونان میں الٹنے والی کشتی میں سوار پاکستانیوں کی اب تک کی تعداد 350 ہے، حادثے میں بچائے گئے 104 افراد میں صرف 12 پاکستانی ہیں۔