17 جولائی ، 2023
بالی وڈ انڈسٹری نے ناصرف ناظرین کو رومانوی، تھرل اور ایکشن سے بھرپور فلمیں دیکھنے کو دیں، بلکہ حقیقت میں بھی کچھ ایسے واقعات دیے جنہیں مداح شاید ہی بھول سکیں لیکن کچھ قصے ایسے بھی ہیں جن کا زیادہ تذکرہ نہیں کیا جاتا اس لیے لوگ اسے جانتے بھی نہیں ہیں۔
اسی طرح کی ایک کہانی آج ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں، یہ کہانی بالی وڈ کے سپر اسٹار دھرمیندرا اور ہیما مالنی کی محبت کی ہے جنہوں نے ایک دوسرے کو حاصل کرنے کے لیے کئی جتن اور خاندان کی ناراضی سمیٹی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیما مالنی کی سوانح حیات 'ہیما مالنی: بیانڈ دی ڈریم گرل' میں اس بات کا انکشاف کیا گیا تھا کہ اداکارہ کی والدہ جیا چکراورتھی نے اپنی بیٹی کی دلچسپی دھرمیندرا میں بھانپ لی تھی، دونوں کی بڑھتی قربتیں دیکھ کر جیا چکراورتھی اور ان کے شوہر نے فیصلہ کیا کہ ہیما کی کہیں اور شادی کردینی چاہیے۔
اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ دھرمیندرا پہلے سے شادی شدہ اور بچوں کے باپ تھے جب کہ ہیما مالنی کنواری تھیں، اسی لیے اداکارہ کے والدین اس رشتے کے حق میں نہیں تھے، ہیما مالنی کے لیے ان کی والدہ نے اداکار جتیندرا کا انتخاب کیا اور جتیندرا بھی کسی حد تک ہیما کو پسند کرتے تھے۔
سوانح حیات میں بتایا گیا کہ ہیما کے والدین نے انہیں جتیندرا سے شادی کے لیے رضامند کرہی لیا، اداکارہ تذبذب کا شکار تھیں لیکن انہوں نے ہاں کردی اور جتیندرا کی فیملی کی جانب سے بھی رشتے کے لیے ہاں کردی گئی، دونوں کی شادی کی تیاریاں مدراس میں مکمل ہوئیں، شادی کا منڈپ تک سج گیا اور کارڈز بھی تقسیم کردیے گئے۔
کارڈز تقسیم ہوئے تو دوسرے شہر میں موجود دھرمیندرا کو یہ خبر ملی، وہ نشے میں دُھت شادی والے روز ہیما کے منڈپ میں پہنچے اور شادی روکنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے درخواست کی کہ وہ ہیما مالنی سے اکیلے میں کچھ اہم بات کرنا چاہتے ہیں، دونوں کے درمیان طویل گفتگو ہوئی جس کے بعد اداکارہ نے شادی سے انکار کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ دھرمیندرا شادی رُکوانے اکیلے نہیں بلکہ جتیندرا کی گرل فرینڈ شوبھا کے ہمراہ پہنچے تھے اور جس وقت دھرمیندرا اور ہیما کمرے میں محو گفتگو تھے، اس وقت شوبھا نے موقع جان کر جتیندرا سے بات کی اور انہیں اپنی محبت کا یقین دلایا۔
بعدازاں نا نا کرتے بھی ہیما کی والدہ کو اس رشتے کو تسلیم کرنا پڑا۔
واضح رہے کہ جتیندرا اور شوبھا کی شادی 1974 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے اداکار تُشار کپور اور نامور پروڈیوسر ایکتا کپور ہیں۔
دوسری جانب ہیما اور دھرمیندرا 1980 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان کی دو بیٹیاں اداکارہ ایشا دیول اور اہانا دیول ہیں۔