Time 21 جون ، 2023
انٹرٹینمنٹ

شادی کے 43 سال بعد بھی ہیما مالنی اور دیول خاندان کی دوریاں کم نہ ہوئیں

سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی شادی میں دھرمیندرا کی دوسری اہلیہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں ایشا دیول اور اہانا دیول شریک نہیں تھیں— فوٹو:فائل
سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی شادی میں دھرمیندرا کی دوسری اہلیہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں ایشا دیول اور اہانا دیول شریک نہیں تھیں— فوٹو:فائل

بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ ہیما مالنی اور دھرمیندرا کی پہلی اہلیہ کے بچوں و اداکار سنی دیول اور بوبی دیول کے درمیان 43 سال بعد بھی دوریاں کم نہ ہوسکیں۔

گزشتہ دنوں دھرمیندرا کے پوتے و سنی دیول کے بیٹے کرن دیول کی شادی ہوئی تھی اور یہ شادی روایتی انداز میں ہوئی جس میں دھرمیندرا بھی موجود تھے۔

بعدازاں ممبئی میں استقبالیہ بھی دیا گیا جس میں ماضی کے سپر اسٹارز سمیت موجودہ بالی وڈ اداکاروں نے بھی شرکت کی۔

اس شادی میں دھرمیندرا کی دوسری اہلیہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں ایشا دیول اور اہانا دیول شریک نہیں تھیں تاہم شادی کے دوران یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ہیما مالنی اور ان کی بیٹیاں شادی میں شرکت کریں گی لیکن وہ کسی بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سارے عرصے کے دوران دیول خاندان میں بہت کچھ تبدیل ہوا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سنی دیول نے سب کو ذاتی طور پر بیٹے شادی کی دعوت دی تھی لیکن سچ یہ ہے کہ ہیما مالنی کو شادی کی دعوت نہیں ملی کیونکہ وہ اُن دنوں ممبئی میں بھی نہیں تھیں، اس لیے انہیں شادی میں نہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں خاندان کبھی ایک دوسرے سے نہیں ملے اور وہ اسی طرح الگ الگ رہنے کو بہتر سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب ہیما مالنی کی بیٹی ایشا دیول نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے بھتیجے کرن کو شادی کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

— فوٹو: اسکرین گریب/ بھارتی میڈیا
— فوٹو: اسکرین گریب/ بھارتی میڈیا

خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دھرمیندرا اور ہیما مالنی نے 1979 میں شادی کی تھی اور ان کی دو بیٹیاں ہیں۔

یہ دھرمنیدرا کی دوسری شادی ہے۔

مزید خبریں :