17 جولائی ، 2023
لاہور: تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے اپنی نظربندی کو عدالت میں چیلنج کردیا۔
پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے اپنی نظر بندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہےکہ نظربندی کا نوٹیفکیشن عدالتی فیصلے پر اثر انداز ہونے کے مترادف ہے لہٰذا نظر بند کرنے کا ڈپٹی کمشنر کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لاہور نے پرویز الٰہی کی ایک ماہ کے لیے نظربندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔
پولیس کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھا کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پرویز الٰہی نقص امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں لہٰذا انہیں تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کی اجازت دی جائے۔
11 جولائی کو لاہور کی بینکنگ کورٹ نے پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 5 لاکھ روپےکے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا تاہم عدالت سے روبکار جاری ہونے کے باوجود ان کی رہائی عمل میں نہیں آسکی۔