17 جولائی ، 2023
شام کی چائے ہو یا کوئی مووی نائٹ، دوست گھر پر آرہے ہوں یا کسی دوست کے ہاں پارٹی کے لیے جانا ہو، پیکٹ والے آلو کے فرائیڈ چپس خریدنا سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دراصل آپ چپس نہیں بلکہ زہر کھارہے ہوتے ہیں جو آپ کی صحت کو تباہ کرسکتا ہے۔
شاز و نادر چپس کھائے جائیں تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں، لیکن ہر دوسرے دن انہیں کھانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
آئیے نظر ڈالتے ہیں کہ کس طرح یہ چپس ہماری صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
* مجموعی طور پر یہ چپس ہماری صحت پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں، جس کی وجہ یہ ہے کہ ان میں صحت کو نقصان پہنچانے والے فیٹس، سوڈیم اور کیلوریز بڑی تعداد میں پائی جاتی ہیں، اسی لیے یہ انسان کے اندر اس کی طلب کو مزید بڑھاتا ہے جو بعد میں نقصان کا سبب بنتا ہے۔
* انہیں کھانے سے آپ کا وزن بھی غیر معمولی طور پر بڑھنے لگتا ہے۔
* آلو کےپیکٹ والے چپس کھانے سے فالج اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، کچھ چپس میں ایسے فیٹس پائے جاتے ہیں جو دل کی صحت کے لیے مفید نہیں، اسے کھانے کے نتیجے میں آپ کے کولیسٹرول میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
* اس سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے کیونکہ ان میں سوڈیم کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔
* اکثر چپس میں فائبر کی بھی کم مقدار ہوتی ہے جو نظامِ ہاضمہ کو متاثر کردیتی ہے ، نتیجتاً قبض اور گیس کی شکایت ہوتی ہے۔
* امریکی کینسر ایسوسی ایشن کے مطابق چپس سمیت پروسیسڈ فوڈ میں ایسے کیمیکلز پائے جاتے ہیں جو انسانی جسم میں مختلف قسم کے کینسر کی وجوہات بنتے ہیں۔