Time 17 جولائی ، 2023
پاکستان

’پی ٹی آئی میں میرے ساتھ بھی برا ہوا‘، پرویز خٹک نے ہشام انعام کو کہانی بتادی

پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی/ فائل فوٹو
 پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی/ فائل فوٹو

پشاور: پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے سابق وزیر ہشام انعام اللہ کو اپنی نئی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات کی جس میں پرویز خٹک نے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ نئی پارٹی بنارہا ہوں، اس میں شمولیت اختیار کریں۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی دعوت پر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے، بعد میں میری حمایت نہیں کی اس پر پرویز  خٹک نے کہا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا گیا تھا، میرے ساتھ بھی برا ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے کہا کہ سیف اللہ برادران سے مشورہ کرکے آپ کو آگاہ کروں گا۔

دوسری جانب پرویز خٹک کی سربراہی میں آج اجلاس بھی ہوگا جس میں شرکت کے لیے کئی سابق ایم پی ایز اور ایم این ایز کو دعوت دی گئی ہے جب کہ اجلاس میں پرویزخٹک کی جانب سے نئی پارٹی کا اعلان متوقع ہے۔

محمود خان کا پرویز خٹک کا ساتھ دینے سے انکار

علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق شاہ فرمان اور شوکت یوسفزئی سمیت4 رہنما پرویزخٹک سے سیاسی معاملات طے کررہے ہیں جب کہ محمود خان سے پرویزخٹک نے رابطہ کیا لیکن انکار میں جواب ملا۔

مزید خبریں :