Time 18 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کا ڈیزائن قبل از وقت سامنے آگیا

آئی فون 15 سیریز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / فوٹو بشکریہ میش ایبل
آئی فون 15 سیریز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے / فوٹو بشکریہ میش ایبل

آئی فون 15 سیریز کو متعارف کرانے کی تاریخ قریب آتی جا رہی ہے۔

مگر اس سیریز کے فونز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اب چاروں ماڈلز کے فرنٹ گلاس پینل اور اسکرین پروٹیکٹر کی تصویر سامنے آئی ہے۔

اس تصویر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سال کے آئی فونز کا ڈیزائن گزشتہ سال کے ماڈلز کے مقابلے میں نمایاں حد تک مختلف ہوگا۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے اس تصویر کو پوسٹ کیا جس سے چاروں ماڈلز کے فرنٹ ڈیزائن کا عندیہ ملتا ہے۔

اس لیک سے سابقہ رپورٹس کو تقویت ملتی ہے جس کے مطابق آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے ڈسپلے میں نوچ ڈیزائن کا استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ آئی لینڈ ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔

2022 میں صرف آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں آئی لینڈ ڈیزائن فرنٹ کیمرے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں نوچ ڈیزائن موجود تھا۔

آئی فون 15، آئی پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس کے گلاس پینلز اور اسکرین پروٹیکٹر کی تصویر سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ پرو ماڈلز میں اسکرین کے گرد پٹیاں یا بیزل بہت پتلے ہوں گے۔

کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔

آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔

اس نئی تصویر سے اس لیک کی تصدیق ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔

اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔

یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔

مزید خبریں :