Time 20 جولائی ، 2023

پاکستانی ٹیم کی مایوسیوں کے ساتھ اور بابر کے بغیر بننے والا آئی سی سی کا ورلڈکپ پرومو تنقید کا شکار

پروموشنل ویڈیو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر 2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر مایوسی کی ہی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں/اسکرین گریب
پروموشنل ویڈیو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر 2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر مایوسی کی ہی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں/اسکرین گریب

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کی پروموشنل ویڈیو جاری کردی ہے  جس میں  آئی سی سی نمبر ون بیٹر بابر اعظم کو  ہی نہیں دکھایا گیا۔

آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پرومو کی 2 منٹ 12 سیکنڈز کی ویڈیو جاری کی گئی ہے  جس میں کرکٹ کے اترتے چڑھتے لمحات دکھائے گئے ہیں ۔

ویڈیو میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت نمبر  2 پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر مایوسی کی ہی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جن میں شاداب خان کو چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا ، وہاب ریاض کا شاٹ لگنے کے بعد مایوس ہونا اور 1992 میں انضمام الحق کا رن آؤٹ شامل ہے۔

 ایک سین میں پاکستانی فین کو مایوس بیٹھا دکھایا گیا ہے اور ساتھ بھارتی  فین اسے دلاسا دیتا دکھایا گیا ویڈیو میں پاکستان کا صرف ایک اچھا لمحہ دکھایا گیا ہے جس میں شاہین وکٹ لے کر سیلیبریٹ کرتے ہیں ۔

سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ تقریباً 2  سال سے آئی سی سی کے نمبر 1 ون ڈے بیٹر کی پوزیشن پر براجمان ، 2021 اور 2022 کے آئی سی سی ون ڈے بیٹر آف دی ایئر بابر اعظم کو اس ویڈیو میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔

آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کرکٹ فینز نے آئی سی سی سے سوال کیا ہے کہ وہ کیسے بابر اعظم کو نظر انداز کرسکتے ہیں دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں کافی جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :