16 جولائی ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے زور دیا ہےکہ پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارت ضرور جانا چاہیے۔
کراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'جب دوسرے کھیلوں میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے ہو سکتے ہیں تو کرکٹ میں کیوں نہیں، کرکٹ کو سیاسی تعلقات سے کیوں جوڑیں؟ لوگوں کو اپنی ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے دیکھنے کے موقع سے محروم کرنا ناانصافی ہے'۔
مصباح نے مزید کہا کہ 'اگر پاکستان ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جاتا تو یہ ان شائقین کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی جو پاکستان اور بھارتی کرکٹ کو بہت زیادہ فالو کرتے ہیں'۔
سابق کپتان نے اس خیال کا اظہار بھی کیا کہ ناصرف پاکستان کو بھارت جانا چاہیے بلکہ میچز کے سلسلے میں بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان ضرور آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا 'یقینی طور پر پاکستان کو بھارت میں ورلڈکپ کھیلنا چاہیے، میں نے بھارت میں میچز کھیلے ہیں، ہم نے کراؤڈ اور وہاں کے دباؤ سے لطف اٹھایا ہے، بھارت کی کنڈیشنز ہمارے لیے بہترین ہیں، ہماری ٹیم صلاحیت رکھتی ہے کہ بھارت میں شاندار کارکردگی دکھا سکے'۔
مصباح الحق نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ انہیں صرف کرکٹ اور ورلڈکپ جیتنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
سابق کپتان نے کہا کہ 'ورلڈکپ کے حوالے سے جو سیاسی طور پر چل رہا ہے، کرکٹرز کو اس پر دھیان نہیں دینا چاہیے، بھارت میں اچھی کارکردگی کے لیے اہم ہے کہ مناسب پلیئنگ الیون کا انتخاب کیا جائے'۔
انہوں نے کہا کہ 'دباؤ میں کھیلنے کا بھی اپنا مزہ ہوتا ہے، لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں بھارت نہیں جانا چاہیے، بائیکاٹ کرنا چاہیے، میں اس کے بالکل خلاف ہوں، پاکستان کو ورلڈکپ کے لیے بھارت ضرور جانا چاہیے اور ورلڈکپ جیتنا چاہیے'۔