Time 20 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک نے 3 ماہ کے دوران پاکستانی صارفین کی ایک کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

کمپنی نے ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا / فائل فوٹو
کمپنی نے ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا / فائل فوٹو

سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک نے جنوری سے مارچ 2023 کے دوران پاکستانی صارفین کی ایک کروڑ سے زائد ویڈیوز پلیٹ فارم سے ڈیلیٹ کی تھیں۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک پر روزانہ ہی کروڑوں ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں جن کے مواد کی جانچ پڑتال کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کے تحت ہوتی ہے۔

کمپنی نے 2023 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمیونٹی گائیڈ لائنز کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی ویڈیوز کے خلاف کارروائی کے بارے میں ایک رپورٹ میں بتایا۔

رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے جنوری سے مارچ 2023 کے دوران دنیا بھر میں 9 کروڑ 10 لاکھ 3 ہزار سے زیادہ ویڈیوز کو کمیونیٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر پلیٹ فارم سے ہٹایا۔

یہ تعداد اس عرصے میں ٹک ٹاک پر پوسٹ کی جانے والی مجموعی ویڈیوز کے 0.6 فیصد کے برابر ہے۔

پاکستان میں اس عرصے کے دوران ایک کروڑ 17 لاکھ 7 ہزار سے زیادہ ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا گیا، یہ تعداد اکتوبر سے دسمبر 2022 کے دوران سوا کروڑ سے زیادہ تھی۔

جنوری سے مارچ کے دوران پاکستان میں 83 فیصد ویڈیوز کو کسی صارف کی جانب سے دیکھے جانے سے پہلے حذف کی گئیں۔

اس عرصے میں عالمی سطح پر ایک کروڑ 69 لاکھ 47 ہزار سے زیادہ ایسے اکاؤنٹس پلیٹ فارم سے ہٹائے گئے جن کے بنانے والوں کی عمر 13 برس سے کم تھی۔

اسی طرح رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 5 کروڑ 12 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ جعلی اکاؤنٹس کو بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے ہٹایا گیا۔

ٹک ٹاک نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی پالیسیوں کا ہر شخص پر یکساں اطلاق ہوتا ہے اور ہر قسم کے مواد کی جانچ پڑتال کی جاتی ہے۔

مزید خبریں :