23 جولائی ، 2023
انیمیٹڈ تصاویر کا استعمال تو لگ بھگ سوشل میڈیا پر موجود ہر فرد ہی کرتا ہے۔
ان تصاویر کے لیے Gif (جف) کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ کن الفاظ کا مخفف ہے؟
جی ہاں یہ 3 الفاظ کا مخفف ہے اور بہت کم افراد کو اس بات کا علم ہے۔
جف بنیادی طور پر ایک ایسی امیج فائل کو کہا جاتا ہے جو متحرک تصویر پر مشتمل ہوتی ہے اور ان میں ایک بار منظر بار بار چل رہا ہوتا ہے۔
ایک ویڈیو کے برعکس انیمیٹڈ امیج فائل کا سائز بہت کم ہوتا ہے اور اسے ٹیکسٹ، ای میل یا سوشل میڈیا وغیرہ پر آسانی سے شیئر کیا جا سکتا ہے۔
اس فارمیٹ کو امریکا سے تعلق رکھنے والے کمپیوٹر ماہر اسٹیو وائلٹی نے 1987 میں ایجاد کیا تھا۔
انہوں نے اس فارمیٹ کو متحرک تصاویر کو کمپریس کرنے کے لیے تیار کیا تھا تاکہ سست رفتار ڈائل اپ انٹرنیٹ کنکشن پر ڈاؤن لوڈنگ، انیمیشن اور سادہ گرافکس کے بھیجنے یا استعمال کا عمل تیز ہو سکے۔
اب جف تصاویر کو سوشل میڈیا پر مختلف جذبات کے اظہار کے لیے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
جف کے خالق اسٹیو وائلٹی نے ان الفاظ کے بارے میں بتایا جن کا مخفف جف ہے۔
انہو ں نے بتایا کہ جف سے مراد گرافکس انٹرچینج فارمیٹ ہے۔
یہ نام اسٹیو وائلٹی اور ان کی ٹیم نے منتخب کیا تھا تاکہ اس فارمیٹ کو جف کہہ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس وقت اپ سیٹ ہو جاتے ہیں جب لوگ جف کو گف کہہ کر پکارتے ہیں اور ایسا بہت عام ہوتا ہے۔