03 جنوری ، 2013
اسلام آباد … ایف آئی اے حکام نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کے دونوں پاسپورٹ منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور جب تک نیب انہیں اشتہاری قرار نہیں دیتا ریڈ نوٹسز جاری نہیں کرائے جا سکتے، آئی جی موٹر ویز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ توقیر صادق کی گرفتاری میں کوتاہی پر 2 افسران کو معطل کردیا گیا ہے، جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں لگتا ہے کہ سب ملی بھگت سے ہو رہا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے اوگرا عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ ایف آئی اے حکام نے عدالت کو بتایا کہ توقیر صادق کے پاسپورٹ منسوخ اور انٹرپول کو تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں، توقیر صادق کو 2 پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملے کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جسٹس خلجی عار ف کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ غیر ملکی آگئے اور تباہی کر رہے ہیں، پاکستان کون آرہا ہے اور کون جارہا ہے، اسے چیک کرنے کا کوئی نظام نہیں، ابھی تک کیوں سسٹم نہیں بنایا گیا، کیا یہ مکمل ناکامی نہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں غیر قانونی داخلے کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔ آئی جی موٹر ویز نے عدالت کو اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ توقیر صادق کی گرفتاری میں کوتاہی پر 2 افسران کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ڈی جی آئی ڈاکٹر شفیق کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ دوسری طرف سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے سینئر ترین پریذائیڈنگ جج کو انتظامی جج کے طور پر کام کرنے کی ہدایت کر دی ہے، عدالت نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کی کاپی رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو بھی بجھوائی جائے۔ کیس کی مزید سماعت 10 جنوری کو ہو گی۔