Time 21 جولائی ، 2023
دنیا

ویڈیو: بھارت میں خواتین کو برہنہ پریڈ کروانے کا واقعہ، عورتوں نے مرکزی ملزم کا گھر جلا دیا

بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں 2 خواتین کو برہنہ پریڈ کروانے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کے گھر کو آگ لگا دی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی خواتین کی جانب سے منی پور اجتماعی زیادتی کیس کے مرکزی ملزم کے گھر پر پتھراؤ کرتے ہوئے گھر کو آگ لگا دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مئی کے مہینے میں کوکی قبیلے کے گھروں پر حملہ کرکے آگ لگانے سمیت 2 خواتین کو برہنہ کرکے سڑکوں پر پریڈ کروانے اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کی ایک شکایت موصول ہوئی تھی، واقعے کے مبینہ مرکزی ملزم سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مزید 30 افراد کی تلاش جاری ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران دو خواتین کو برہنہ کر کے سر عام پریڈ کروانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارت بھر میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے انسانیت سوز واقعے کے خلاف احتجاج شروع ہو گئے ہیں۔

منی پورمیں ہونے والے لسانی فسادات کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے تاہم سوشل میڈیا پر گاہے بگاہے اس حوالے سے دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں۔

پرآشوب بھارتی ریاست کی ایسی ہی ایک اور دلخراش ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں کچھ افراد کو دو خواتین کو برہنہ کر کے انہیں سر عام پریڈ کرواتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ بھارتی ریاست میں اکثریت میٹی اور اقلیتی کوکی قبائل میں تنازعہ چل رہا ہے اور ریاست میں ہونے والے فسادات میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ کئی گرجا گھروں، سرکاری دفاتر اور گھروں کو بھی نذر آتش کیا جا چکا ہے۔

بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے رہنما این بائرن سنگھ 2017 سے ریاست کے وزیر اعلیٰ ہیں اور ریاست میں 53 فیصد آبادی ہندو میٹی قبیلے کی ہے جبکہ ریاست میں عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے کوکی اقلیتی قبیلے کی شرح 16 فیصد ہے۔

مزید خبریں :