23 جولائی ، 2023
بھارتی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر بھارت جانے والی پاکستانی خاتون اور 4 بچوں کی ماں سیما حیدر اب سیما سچن بن چکی ہے۔
پاکستانی خاتون سیما حیدر جو موبائل گیم پب جی کھیلتے کھیلتے بھارتی نوجوان سچن سنگھ کی محبت میں ایسے گرفتار ہوئی کہ 4 بچوں کے ساتھ بھارت پہنچ گئی۔
سیما نے اپنے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ کراچی میں8 سال سے رہ رہی تھی، موبائل گیم پب جی کھیلتے ہوئے اس کی بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نووائیڈہ کے سچن سنگھ سے دوستی ہوئی اور پھر آڈیو ، ویڈیو کالز کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔
سیما دو بار کراچی سے دبئی کے راستے نیپال پہنچی، پہلی بار اکیلی کراچی سے دبئی اور پھر 13 مارچ کو نیپال پہنچی جہاں اس کی سچن سے ملاقات ہوئی، دونوں نے شادی بھی کرلی، فیصلہ ہوا کہ سیما اپنے بچوں کے ساتھ بھارت منتقل ہوجائے، 17 مارچ کو سیما واپس پاکستان پہنچ گئی اور اپنی تین بیٹیوں اور ایک بیٹے کا پاسپورٹ بنوایا۔
سیما نے ایک ٹریول ایجنٹ کے ذریعے 10 مئی کو کراچی سے دبئی اور وہاں سے نیپال کا ٹکٹ بک کرایا، پھر نیپال سے بس کے ذریعے نئی دہلی اور وہاں سے دوسری بس سے 13 مئی کو نووائیڈہ سچن سنگھ کے پاس پہنچ گئی، سیما کا کہنا ہے کہ سچن نے اسے اس کے چاروں بچوں سمیت اپنایا ہے۔
سیما اپنے چاروں بچوں 5 سالہ فرحان، 4سالہ فریحہ، 2سالہ فرح، 8 سالہ فروا کے ساتھ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مقیم تھی جبکہ اس کا شوہر غلام حیدر روزگار کے لیے سعودی عرب میں مقیم ہے، سیما کے اس طرح بچوں کے ساتھ پاکستان چھوڑ کر جانے پر غلام حیدر نے اپیل کی ہے کہ اس کے بچے اسے واپس دلوائے جائیں۔
سیما کے گھروالوں اور سسرال والوں کی جیونیوز سے گفتگو
سیما بھارت کیسے پہنچی اور اس کا تعلق پاکستان کے کس علاقے سے تھا؟ اس حوالے سے سیما کے گھر والوں اور سسرال والوں نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مختلف انکشافات کیے ہیں۔
جیکب آباد کے گاؤں لال خان جکھرانی میں سیما کے سسر امیر جان نے جیو نیوز کو بتایا کہ سیما اور اس کے بیٹے غلام حیدر کی 2014 میں شادی ہوئی تھی، دونوں 2019 میں کراچی منتقل ہوگئے تھے، میں کراچی میں سیما کے گھر کے مکان مالک سے ملا تو اس نے بتایا کہ وہ گاؤں جانےکا بول کرگئی ہے، وہ یہاں نہیں آئی اور وہ بھارت پہنچ گئی، گاؤں میں تو سیما سندھی میں ہی بات کرتی تھی، اسے کبھی ہندی میں بات کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔
میں سچن سے بات کرتی تھی، مجھے ہندی اچھی لگتی تھی تو سیکھ گئی: سیما
بھارتی میڈیا کو دیےگئے ایک انٹرویو کے دوران جب سیما سے پوچھا گیا کہ پاکستان میں رہنے والوں کو اتنی اچھی ہندی نہیں آتی تو وہ اتنی اچھی ہندی کیسے بول لیتی ہیں ؟ اس کے جواب میں سیما کا کہنا تھا کہ میں سچن سے بات کرتی تھی، مجھے ان کی زبان اچھی لگتی تھی تو سیکھ گئی۔
پاکستانی شناختی کارڈ میں سیما کی پیدائش 2002 کی ہے جس کے مطابق اس کی عمر 21 سال بنتی ہے لیکن سیما کا کہنا ہے کہ اس کی عمر 27 سال ہے، اس نے 22 سالہ سچن تک پہنچنے کے لیے خیرپور میں اپنا آبائی مکان بیچ دیا تھا۔
سیما حیدر کا تعلق پاکستان کے ضلع خیرپور کی تحصیل کوٹ ڈیجی کے گاؤں رند ہاجانو سے ہے۔
جیو نیوز کی ٹیم جب سیما کے گاؤں پہنچی تو کوئی بھی سیما کے بارے میں بات کرنے کے لیے تیار نہیں تھا، علاقے کے لوگوں سے پتا چلا کہ سیما حیدر کی ایک غیر شادی شدہ بہن، بھائی اور چچا اسی گاؤں میں رہتے ہیں، خاندان اور رشتے داروں نے گزشتہ 13 سال سے سیما حیدر سے لاتعلقی کا اعلان کر رکھا ہے، سیما کے رشتے داروں کا اب سیما سے کوئی تعلق نہیں ہے،نا گاؤں والوں کا سیما سے کوئی واسطہ ہے۔
سیما کو اداکاری کا شوق تھا: مقامی لوگوں کی جیو نیوز سے گفتگو
گاؤ ں کے لوگوں کے مطابق یہاں کی خواتین کو موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں لیکن سیما کو اداکاری کا شوق تھا، سیما گاؤں کے ایک لڑکے سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن گھروالوں کے انکار پر وہ گاؤں ہی چھوڑ کر چلی گئی۔
بعد میں پتا چلا کہ اس نے جیکب آباد میں غلام حیدر سے کورٹ میں پسند کی شادی کرلی، بعد میں سیما کے والد بھی اپنی بیٹی کے پاس ہی چلے گئے، گاؤں والوں نے یہ بھی بتایا کہ سیما کے والد کا8 ماہ قبل انتقال ہوا تو تدفین کے لیے میت گاؤں لائی گئی لیکن سیما کو ساتھ آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔