پاکستان
03 جنوری ، 2013

مالی خسارہ:پی آئی اے کی حکومت سے 25ارب روپے کی درخواست

 مالی خسارہ:پی آئی اے کی حکومت سے 25ارب روپے کی درخواست

کراچی… محمد رفیق مانگٹ…امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق پی آئی اے نے حکومت سے 25ارب روپے کی مالی معاونت کی درخواست کردی ہے۔2007ء کے بعد تیسری مرتبہ پی آئی اے کی طرف سے حکومت سے قرض لینے کی درخواست کی گئی ۔مجموعی طور پرپی آئی اے150ارب روپے کی مقروض ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے ”بلوم برگ“ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن مسلسل شدید مالی خسارے کے بعد حکومت سے مالی معاونت کی متلاشی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ حکومت سے مالی امداد کی درخواست کردی ہے ۔انتظامیہ کی طرف سے حکومت کو 2007ء کے بعد تیسری مرتبہ مالی امدا د کی درخواست کی گئی ہے جس میں حکومت سے 25ارب روپے (257ملین ڈالر) مانگے گئے ہیں۔ پی آئی اے کے ایم ڈی محمد جنید یونس نے انٹرویو میں بتایا کہ انتظامیہ مارچ سے قبل رقم کی فراہمی کے لئے و زارت خزانہ سے بات چیت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ انہیں یہ رقم فراہم کر دی جائے ،یہ ایک سرکاری ایئر لائن ہے اور ایک قومی اثاثہ ہے۔ان کا کہنا تھا تھا کہ اس سال پی آئی اے12طیارے لیز پر حاصل کرنا چاہتی ہے۔منصوبے کے تحت آٹھ A320s اور چار ٹربو پراپس لیز پر لیے جائیں گے ۔ یونس کا کہنا تھا کہ ایئر بسیں دبئی،ابو ظہبی،کویت اور ممبئی کے لئے استعمال کی جائیں گی ۔پی آئی اے نے حکومت سے 2007ء میں25ارب روپے،جون2009ء میں 8ارب روپے قرض لیا تھا۔ماہرین کے مطابق یہ رقم بھی پی آئی اے کو مصیبت سے نہیں نکال پائے گی۔ایندھن اخراجات اور مسابقتی فضاء بھی علاقائی فضائی کمپنیوں کو نقصان دے رہی ہے۔ بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ 2020 ء تک غیر منافع انڈین ایئر لائن کو3سو ارب(5.5ارب ڈالر) فراہم کیے جائیں گے۔ مارکیٹ شیئر کے لحاظ سے 2011ء کی بھارت کی دوسری بڑی ایئر لائن کنگفشر نے پانچ سال کے خسارے کے بعد اکتوبر2012میں آپریشن بند کردیا تھا۔ 2011میں 26ارب روپے نقصان ہوا۔ پی آئی اے کا آخری بارمنافع 2004ء میں بتایا گیا تھا۔

مزید خبریں :