24 جولائی ، 2023
بھارت میں سینئر پولیس افسر نے بیوی اور بھتیجے کو قتل کرکے خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کےمطابق یہ واقعہ ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں 57 سالہ اسسٹنٹ پولیس کمشنر نے پہلے اپنی بیوی اور بھتیجے کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور پھر خود اپنی جان لے لی۔
پولیس کا کہنا ہےکہ واقعہ تقریباً رات ساڑھے تین بجے پیش آیا، اسسٹنٹ پولیس کمشنر بینر ایریا میں واقع بنگلے میں رہائش پذیر تھے اور انہیں حال ہی میں امرواتی میں اے سی پی تعینات کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق اے سی پی نے اپنی بیوی کے سر میں گولی ماری جس کے بعد گھر میں موجود ان کے بیٹے اور بھتیجے نے گولی چلنے کی آواز سن کر کمرے کا دروازہ کھولا تو انہوں نے بھتیجے پر بھی فائرنگ کردی جس سے وہ سینے پر گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، تینوں کی لاشیں ایک کمرے سے ملی ہیں۔
پولیس کا بتانا ہےکہ اے سی پی کی بیوی کی شناخت 45 سالہ مونی اور بھتیجے کی شناخت 35 سالہ دیپک کے نام سے ہوئی ہے۔