Time 24 جولائی ، 2023
پاکستان

پاکستان کیسے پہنچی اور کیا منصوبہ ہے؟ بھارتی لڑکی نے سب کچھ بتا دیا

بھارتی خاتون انجو پاکستانی لڑکے نصر اللہ سے ملنے اپر دیر پہنچی ہے۔ فوٹو فائل
بھارتی خاتون انجو پاکستانی لڑکے نصر اللہ سے ملنے اپر دیر پہنچی ہے۔ فوٹو فائل

آج کل پاکستان اور بھارت میں جس چیز کا سب سے زیادہ چرچا ہو رہا ہے وہ بھارت جانے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر اور پاکستان آنے والی بھارتی خاتون انجو ہے۔

کچھ عرصہ قبل پاکستان سے تعلق رکھنے والی شادی شدہ خاتون آن لائن گیم پب جی پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد بچوں سمیت غیر قانونی طریقے سے بذریعہ نیپال پہنچی، سیما نے بھارتی لڑکے سچن سے شادی بھی کر لی ہے اور اس کا کہنا ہے میں اب سچن کے ساتھ ہی رہنا چاہتی ہوں۔

گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی کہ ایک بھارتی لڑکی انجو بھی پاکستانی دوست سے ملنے خیبر پختونخوا کے علاقے دیر بالا پہنچ گئی تاہم انجو نے پاکستان آنے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے اور اسے پاکستان ہائی کمیشن نئی دلی نے باقاعدہ طور پر لیٹر بھی جاری کر کے دیا۔

اب بھارتی میڈیا پر پاکستان آنے والی لڑکی انجو کا ایک تفصیلی انٹرویو شائع کیا گیا ہے جسے قارئین کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔

سوال: آپ ابھی اس وقت کہاں ہیں؟

انجو: میں پاکستان میں ہوں، یہ علاقہ بھارت کے پہاڑی علاقے منالی جیسا ہے اور میں یہاں محفوظ ہوں۔

سوال: کیا آپ نے پاکستان جانے سے متعلق اپنے شوہر کو بتایا تھا؟

انجو: نہیں، میں نے کسی کو بھی کچھ نہیں بتایا، میں نے انہیں بتایا کہ میں گھومنے پھرنے جے پور جا رہی ہوں۔

سوال: آپ پاکستان کیوں گئی ہیں؟

انجو: میں یہاں گھومنے پھرنے آئی ہوں، میں نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے اور پوری تیاری کی، یہاں ایک شادی ہے جس میں شرکت کرنی ہے۔

سوال: آپ بھوادی سے پاکستان کیسے پہنچیں؟

انجو: میں واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچی، پہلے میں بھوادی سے نئی دلی پہنچی، پھر دلی سے امرتسر کا سفر کیا اور پھر وہاں سے واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچی۔

سوال: آپ پاکستان میں کس کے ساتھ رہ رہی ہیں؟

انجو: یہاں میرا ایک دوست ہے اور ہماری فیملیز کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ہم دو سال پہلے ایک دوسرے کے دوست بنے، یہاں ایک شادی ہے جس میں شرکت کے لیے آئی ہوں، یہ بہت اچھی جگہ ہے جسے دیکھنے کے لیے آئی ہوں، اس کے علاوہ میرا یہاں کچھ نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرا سیما حیدر کے ساتھ موازنہ کرنا بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے، میں یہاں بالکل محفوظ ہوں اور واپس بھارت جاؤں گی۔

سوال: آپ کا واپس جانے کا کیا پلان ہے؟

انجو: میں دو سے چار دن میں واپس چلی جاؤں گی۔

سوال: کیا آپ نصر اللہ سے شادی کرنے پاکستان گئی ہیں؟

انجو: نہیں ایسا کچھ بھی نہیں ہے، میڈیا اس معاملے کو بہت زیادہ بڑھاوا دے رہا ہے، میں سیما حیدر کی طرح نہیں ہوں۔

سوال: آپ دونوں کی دوستی کیسے ہوئی؟

انجو: ہماری دوستی 2020 میں فیس بک کے ذریعے ہوئی اور ہم نے پہلے فیس بک پر ایک دوسرے سے بات کرنا شروع کی پھر کچھ عرصے بعد واٹس ایپ نمبر شیئر کیے اور پھر اس پر بات چیت شروع کردی، میں نے اس حوالے سے پہلے ہی دن اپنی امی اور بہن کو بتا دیا تھا۔

سوال: کیا آپ اپنے شوہر سے علیحدگی چاہتی ہیں؟

انجو: جی ہاں، ہمارے شروع سے ہی اچھے تعلقات نہیں تھے، میں کچھ وجوہات کی وجہ سے اس کے ساتھ رہ رہی تھی، یہی وجہ ہے کہ میں اپنے بھائی اور بھائی کو بھی اپنے ساتھ لے آئی، میں ان کے ساتھ اپنے بچوں کی وجہ سے رہ رہی تھی۔

بھارتی لڑکی نے مزید کہا کہ میری گروگرم میں نوکری بھی ہے اور میرا نصر اللہ سے شادی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، فی الحال میں دیکھنے کے لیے آئی ہوں، میں واپس بھارت جانا چاہتی ہوں اور اپنے شوہر سے علیحدہ ہو کر بچوں کے ساتھ رہنا چاہتی ہوں۔

سوال: آپ نے پاکستان جانے کیلئے کتنی چھٹی لی ہے؟

انجو: میں نے 10 دن کی چھٹی لی ہے تاہم میں نے کمپنی انتظامیہ سے کہہ دیا تھا کہ اگر میں اس سے زیادہ دن کی چھٹی کروں تو کسی اور کو نوکری پر رکھ لینا۔

سوال: کیا آپ واپس بھارت جاکر فیملی کیساتھ رہنا چاہتی ہیں یا پاکستان میں ہی رہنا چاہتی ہیں؟

انجو: میرا اس حوالے سے فی الحال کوئی ایسا منصوبہ نہیں ہے، میں جلد واپس بھارت جاؤں گی اور اگر مستقبل میں میرا ایسا کوئی منصوبہ ہوتا ہے تو میں آپ کو بتا دوں گی۔

مزید خبریں :