03 جنوری ، 2013
کولکتہ: پاکستان نے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارت کو85 رنز سے ہراکر تین میچوں کی سیریز بھی جیت لی،اب اس سیریز کا آخری میچ اتوار 6جنوری کو نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ کولکتا کے ایڈن گارڈن میں بھارتی بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے ،کپتان دھونی54ناٹ آؤٹ اور وریندر سہواگ31رنز کے علاوہ کوئی اور بھارتی بیٹسمین قابل ذکر اسکور کرنے میں ناکام رہا،گوتم گمبھیر11، ویرات کوہلی6،یووراج سنگھ9،سریش رائنا18 رنز ہی بنا سکے جبکہ بھونشور کمار اور اشوک ڈنڈا کھاتا کھولنے میں ہی ناکام رہے۔اس سے قبل پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 251رنز کا ہدف دیاتھاتاہم بھارت کی پوری ٹیم 48اوورز میں 165رنز بناکر ڈھیر ہوگئی،پاکستان کی جانب سے جنید خان اور سعید اجمل نے تین تین جبکہ عمر گل نے دو اور محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔