25 جولائی ، 2023
سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں حالیہ بارشوں سے حب ڈیم مکمل طور پر بھرنے میں صرف ڈیڑھ فٹ کی سطح باقی رہ گئی ہے۔
تین روز میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 9 فٹ بلند ہوچکی ہے، 22 جولائی کو حب ڈیم میں پانی کی سطح 329 فٹ سے زائد تھی، منگل کی صبح 10 بجے حب ڈیم میں پانی کا لیول 337 فٹ کا نشان عبور کرگیا۔
حب ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 339 فٹ ہے، کیچمنٹ ایریا سے حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی حب ڈیم پانی سے مکمل بھرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ڈیم مکمل بھرنے سے پانی اسپل ویز سے نکلنا شروع ہو جائے گا۔
حب ڈیم سے نکلنے والا اضافی پانی حب ندی کے راستے سمندر میں جا گرے گا۔