Time 26 جولائی ، 2023
پاکستان

خیبر پختونخوا: بارشوں کے نتیجے میں ہلاک افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 4 دنوں میں تیز بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے حادثات کے نتیجے میں 15 افراد جاں حق اور 14 زخمی ہوئے، جاں حق افراد کے لواحقین کو  حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

پرووینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے )  کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے83 گھروں کو جزوی جبکہ 12 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔

 سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے متاثرین کو پالیسی کے مطابق ریلیف کمپنسیشن فوری طور پر ادا کرنے کی ہدایت کردی۔ 

عبدالباسط نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے لیے 6 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔ 

پی ڈی ایم اے کے ترجمان تیمور علی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کو 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ حادثات میں شدید زخمی کو 2 سے 3 لاکھ روپے جبکہ معمولی زخمی ہونے والے افراد کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ 

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق قدرتی آفات میں 2 یا 2 سے زیادہ کمروں پر مشتمل تباہ شدہ گھر کو 2 لاکھ روپے دیے جائیں گےجبکہ ایک کمرے والے تباہ شدہ گھر کو ایک  لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس گھر کا صرف ایک کمرہ تباہ ہوا ان کو 80 ہزار روپے دیے جائیں گے جبکہ قدرتی حادثات میں اگر کسی گھر کی چار دیواری گری ہو تو ان کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

مزید خبریں :