Time 26 جولائی ، 2023
دنیا

بہن اگر بھارت سے غداری کرے تو واپس آنے کی ضرورت نہیں: انجو کے بھائی کا بیان

بھارت سے آئی خاتون انجو نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیا، اور اسلام قبول کرکےاپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے/ فوٹو سوشل میڈیا
بھارت سے آئی خاتون انجو نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیا، اور اسلام قبول کرکےاپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے/ فوٹو سوشل میڈیا

بھارت سے آئی خاتون انجو  کے بھائی ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ اگر ان کی بہن بھارت سے غداری کرچکی ہے تو  واپس آنے کی ضرورت نہیں وہیں رہے۔

 بھارت سے آئی خاتون انجو نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیاہے گزشتہ روز مالاکنڈ ڈویژن کے ڈی آئی جی ناصر محمود ستی نے انجو اور نصراللہ کے نکاح کی تصدیق کی تھی  اور بتایا  تھا کہ بھارتی خاتون نے اسلام قبول کرکےاپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے۔

 بھارتی میڈیا کو دیےگئے انٹرویو میں ڈیوڈ  نے بہن کے بھارت چھوڑنے  کی وجہ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ انجو  گھر سے دوست سے ملنے کا کہہ کر گئی تھی لیکن پھر ہمیں انجو نے بتایا کہ وہ پاکستان کے شہر لاہور پہنچ گئی ہے، انجو نے اپنے آفس سے گھومنے کی خاطر ایک ہفتے کی چھٹی لی تھی اس کا ارادہ اس دوران خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کا تھا لیکن پھر بجٹ کے باعث انجو کا پروگرام خاندان کے ساتھ نہیں بن پایا اور پھر  بالاخر انجو نے ہمیں بتایا کہ وہ امرت سر جارہی ہیں۔

 نصر اللہ نے میری بہن کو سوشل میڈیا کے ذریعے بہلا پھسلا کر لالچ دیا جب ہی وہ پاکستان گئی: بھائی ڈیوڈ کی گفتگو 

بہن اور بہنوئی کے درمیانی ازدواجی تعلق سے متعلق ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ دونوں اچھی زندگی گزار رہے تھے، میں بہن کے ساتھ رہتا تھا ان کے دو بچے ہیں وہ  اچھی خوشگوار زندگی گزاررہی تھی لیکن  ہمیں نہیں پتہ تھا کہ انجو نصر اللہ سے رابطے میں ہے، ہم  انجو کے پاکستان جانے اور پھر نکاح کی خبروں کے بعد پریشان ہیں کہ پاکستان جیسا ملک جو ہم سے ناراض رہا ہے وہاں کیسے، سب انجو سے واپس آنے کا کہہ رہے ہیں آخری بار جب بات ہوئی تو بہن نے کہا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں 2 سے 4 دن میں بھارت واپس آجاؤں گی،  نصر اللہ نے میری بہن کو سوشل میڈیا کے ذریعے بہلا پھسلا کر لالچ دیا جب ہی وہ پاکستان گئی ہیں۔

ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ اگر انجو پاکستان میں شادی کرچکی ہے تو ہمارا فیصلہ یہی ہوگاکہ ہم انجو کو قبول نہیں کریں گے جو ہمارے ملک بھارت سے غداری کرے تو اسے واپس آنے کی ضرورت نہیں وہ وہیں (پاکستان ) میں رہے ہمیں اس کی ضرورت نہیں ہے۔

ڈیوڈ نے کہا کہ سوشل میڈیا رشتوں کو خراب کررہا ہے اور  معاشرہ بگاڑ کی طرف جارہا ہے۔

مزید خبریں :