26 جولائی ، 2023
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فائرنگ سے بیٹے سمیت جاں بحق ہونے والے اکرم ابڑو کے بھائی محمد اسلم ابڑو سال 2018 کے انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 1 جیکب آباد 1 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پہلی بار ایم پی اے منتخب ہوئے تھے جو بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔
مقتول اکرم ابڑو جیکب آباد شہری اتحاد کے صدر تھے جو جیکب آباد میں زمین داری بھی کرتے تھے۔ مقتول اسلم ابڑو کے جیکب آباد اور اطراف میں مختلف جائیدادوں، زرعی زمینوں اور معتبر ہونے کے معاملات میں لہڑی، بھئیو اور دیگر مختلف برادریوں سے تنازعات بھی چل رہے تھے۔
کراچی پولیس ذرائع کے مطابق کراچی میں نادرن بائی پاس پر اسلم ابڑو اور ان کے ساتھیوں کے مختلف افراد سے جائیدادوں اور زمینوں کے بھی تنازعات تھے۔ ذرائع کے مطابق سال 2019 میں نادرن بائی پاس پر فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں آج رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے سمیت تین افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے مطابق ملزمان ایک گاڑی اور ایک موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ ایم پی اے اسلم ابڑو کی گاڑی کو چاروں طرف سے گھیر کر فائرنگ کی گئی، جائے وقوع سے 50 سے زائد خول ملے ہیں، واردات میں بڑا اور چھوٹا اسلحہ استعمال کیا گیا، تحقیقات جاری ہیں۔