27 جولائی ، 2023
کراچی: پولیس کا کہنا ہےکہ ڈیفنس میں فائرنگ کے واقعے میں ملزمان نے مکمل ریکی کی تھی۔
ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ لگتا ہے واقعے میں ملوث ملزمان دوسرے شہر سے آئے تھے، ملزمان نے فائرنگ سے قبل مکمل ریکی کی تھی، ملزمان کے روٹ اور پلان کی منصوبہ بندی سے متعلق معلومات ملی ہیں، ملزمان نے خیابان شمشیر سے گاڑی کا پیچھا کیا اور ڈیفنس فیز7 کے قریب گاڑی پر فائرنگ کی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ جس جگہ فائرنگ کی گئی وہاں سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں تھے، فائرنگ کے بعد ملزمان قیوم آباد چورنگی کی طرف فرار ہوئے، ملزمان نے موٹرسائیکل اور گاڑی کا استعمال کیا ، ملزمان کے زیر استعمال گاڑی کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ جس ڈبل کیبن پر فائرنگ کی گئی اس میں 6 افراد سوار تھے، 5 افراد گاڑی کے اندر اور ایک شخص گاڑی کے پیچھے بیٹھا تھا، واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوئے جب کہ 2 افراد محفوظ رہا، ان کا ابتدائی بیان لے لیا ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہاکہ واقعے کی جگہ کی جیو فینسنگ کرائی گئی ہے، واقعے میں استعمال ہونے والے اسلحے کی گولیوں کے خول فرانزک کے لیے بھجوادیے ہیں، متاثرہ افراد نے واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کرایا ہے،جاں بحق افراد کی نمازجنازہ کے بعد ورثا کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی نے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی: نوٹیفکیشن جاری
ڈی آئی جی نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، کمیٹی ڈی آئی جی ساوتھ عرفان بلوچ کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ایس ایس پی ساؤتھ اسدرضا،ایس ایس پی جیکب آباد ثمیرنور،ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ابریز عباسی، انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب، ڈی ایس پی ڈیفنس آغا اصغر ، ایس ایچ او اور ایس آئی او تھانہ ڈیفنس بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ انچارج آئی ٹی سیکشن جیکب آباد شاہ فہد اعوان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔
فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی کے بھائی اور بھتیجا جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گاڑی پر فائرنگ سے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجا جاں بحق ہوگیا تھا۔