27 جولائی ، 2023
پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارت جانے کیلئے حکومت سے این او سی مل گیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم کو آئندہ ماہ بھارت میں ہونیوالی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے این او سی جاری کردیا گیا ہے، پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ این او سی متعلقہ وزارتوں سے کلیئرنس کے بعد جاری کیا گیا۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت کے شہر چنئی میں 3 سے 12 اگست تک کھیلی جائے گی، ایونٹ میں پاکستان ٹیم میزبان انڈیا کے علاوہ چین، جاپان، ساؤتھ کوریا اور ملائیشیا سے مقابلہ کرے گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے ایونٹ کیلئے لاہور میں تیاریاں کیں اور حکومتی اجازت ملنے کے بعد ٹیم اب بھارت روانگی کیلئے تیار ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس بی نے متعلقہ وزارتوں سے کلیئرنس کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے این او سی جاری کیا۔
پی ایس بی ترجمان کا کہنا ہے کہ انڈیا کیلئے این او سی کا اجرا ہمیشہ کٹھن مرحلہ ہوتا ہے، اسپورٹس بورڈ نے کلیئرنس کیلئے پی ایچ ایف کی بھرپور معاونت کی۔