27 جولائی ، 2023
لاہور ہائیکورٹ نے گھریلو ملازمہ پر تشدد میں ملوث سول جج کی اہلیہ سومیہ عاصم کی حفاظتی ضمانت یکم اگست تک منظورکرلی۔
لاہور ہائیکورٹ میں گھریلو ملازمہ بچی پر تشدد کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے سول جج کی اہلیہ سومیہ عاصم کی حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے یکم اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
خیال رہے کہ سومیہ عاصم کیخلاف اسلام آباد کے پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج ہے۔
اسلام آباد میں کم سن گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کرنے والی سول جج کی اہلیہ اب تک پولیس کی گرفت میں نہیں آسکی ہے۔
اسلام آباد پولیس نے جج کے آبائی گاؤں میں بھی گھر پر چھاپہ مارا، ملزمہ خود بھی اب تک شامل تفتیش نہیں ہوئی ہے۔
اسلام آباد پولیس ترجمان نے کہا ہےکہ ملزمہ کی گرفتاری کیلئے گوجرانوالہ ، لاہور اور راولپنڈی میں چھاپے مارے گئے ہیں، کسی شخص کو ملزمہ سےمتعلق معلومات ہوں تو پولیس کو اطلاع کرے۔
دوسری جانب بچی کے والدین سےتفتیش کےلیے اسلام آباد پولیس لاہور روانہ ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ تشدد کا شکار 14 سالہ گھریلوملازمہ رضوانہ کا تعلق سرگودھا سے ہے۔ وہ اس وقت لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے۔
اسلام آباد میں سول جج عاصم حفیظ کے گھر پر مبینہ طور پر ان کی اہلیہ سومیہ کے ہاتھوں مبینہ تشدد کا نشانہ بننے والی 14 سالہ کمسن ملازمہ رضوانہ کا علاج کرنے والے ڈاکٹر جنرل اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر خالد نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ جج کی گھریلو ملازمہ بچی کے دونوں بازو فریکچر ہیں، کلائی سے کہنی تک آپریشن ہو گا۔
ڈاکٹر خالد نے کہا کہ ملازمہ بچی کا علاج جاری ہے، بچی کے سر کا آپریشن ہوا ہے، زخم میں کیڑے پڑے ہوئے تھے۔