30 جولائی ، 2023
پاکستان کےلیے نئی برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اسلام آباد پہنچ گئیں۔
پاکستان پہنچنے پر برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اپنی تعیناتی پر بہت خوش ہوں، پاکستان برطانیہ کے لیے گہری اہمیت رکھتا ہے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور برطانیہ میں پاکستانی پس منظر رکھنے والے 16 لاکھ سے زیادہ لوگ آباد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان برطانیہ کے درمیان ایک خاص اور ہمیشہ بڑھتا ہوا خصوصی رشتہ ہے، پاک برطانیہ تعلقات میں اضافے کے لیے سخت محنت کروں گی۔
خیال رہے کہ جین میریٹ پاکستان میں تعیناتی سے قبل ستمبر 2019 سے کینیا میں ہائی کمشنر کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہی تھیں۔
اس سے قبل کرسچن ٹرنر دسمبر 2019 سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، وہ اپنے عہدے کی معیاد مکمل ہونے کے بعد ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوگئے۔
کرسچن ٹرنر کو فارن،کامن ویلتھ اور ڈیولپمنٹ آفس لندن میں ڈائریکٹرجنرل جیو پولیٹیکل تعینات کیا گیا ہے۔