Time 30 جولائی ، 2023
پاکستان

صدر، وزیراعظم، مسلح افواج اور عدلیہ ارکان کو تحائف توشہ خانے میں جمع کرانے ہوں گے، بل منظور

تحائف توشہ خانے میں جمع نہ کرانے پر 5 گنا جرمانہ ہوگا، تحائف کی نیلامی کی مدد سے ملنے والی رقم دوردراز علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خرچ ہوگی، سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کیا— فوٹو:فائل
تحائف توشہ خانے میں جمع نہ کرانے پر 5 گنا جرمانہ ہوگا، تحائف کی نیلامی کی مدد سے ملنے والی رقم دوردراز علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خرچ ہوگی، سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کیا— فوٹو:فائل 

 ملک کی ایوان بالا (سینیٹ) نے توشہ خانہ سے متعلق نیاقانون منظور کرلیا ہے جسے توشہ خانہ کے انضباط و منیجمنٹ کا بل مجریہ 2023 کا نام دیا گیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس شروع ہوا تو وقفہ سوالات پر کارروائی معطل کرنے کی تحریک متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

توشہ خانہ منیجمنٹ اینڈ ریگولیشن بل 2023 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی، یہ بل وزیرمملکت شہادت اعوان نے پیش کیا۔

بل کے مطابق سرکاری وفود میں شامل تمام سرکاری و غیر سرکاری افراد کو ملنے والے غیرملکی تحفے ہر صورت توشہ خانہ میں جمع کرانا ہونگے، تحائف توشہ خانے میں جمع نہ کرانے پر5 گنا جرمانہ ہوگا۔

صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزرا کے علاوہ مسلح افواج اورعدلیہ کے اراکین کو بھی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرانا ہونگے۔ گریڈ ایک تا چار کے نقد تحفے لینے والے ملازمین اس سے مسثنیٰ ہونگے۔

بل میں کہا گیا ہے کہ اب وفاقی حکومت نئے قانون کے مطابق رولزمرتب کرے گی، قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اور اس کی معاونت کرنے والے کے خلاف بھی کارروائی ہوگی،  تحائف مقررہ وقت اور طریقہ کارکے تحت جمع کرانا ہوگا۔

بل کے مطابق توشہ خانہ کے تحائف سے حاصل ہونے والا پیسہ الگ اکاؤنٹ میں رکھا جائے گا، تحائف کی نیلامی کی مدد سے ملنے والی رقم دوردراز علاقوں میں بچیوں کی تعلیم پر خرچ ہوگی۔

سینیٹ نے توشہ خانہ بل متفقہ طور پرمنظور کرلیا۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد اب بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :