Time 01 اگست ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

پڑوسیوں کی شکایت پر ایکس (ٹوئٹر) کا لوگو ہیڈ کوارٹر سے اتار دیا گیا

کمپنی کے نئے لوگو کو ہٹا دیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ سی این بی سی
کمپنی کے نئے لوگو کو ہٹا دیا گیا ہے / فوٹو بشکریہ سی این بی سی

ایلون مسک نے گزشتہ دنوں واضح کیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (جسے پہلے ٹوئٹر کہا جاتا تھا) کا ہیڈ کوارٹر امریکی شہر سان فرانسسکو میں ہی رہے گا اور اس مقصد کے لیے 29 جولائی کو عمارت پر ایکس کا روشن لوگو بھی لگایا گیا۔

مگر 31 جولائی کو ایکس کے ہیڈ کوارٹر پر لگے ایکس کے نئے لوگو (logo) کو ہٹا دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمارت پر لگائے گئے نئے لوگو کو پڑوسیوں کی شکایت کے بعد کمپنی کی جانب سے خود ہٹایا گیا۔

ایکس کے نئے لوگو کی بہت زیادہ تیز روشنی کے خلاف سان فرانسسکو کے محکمہ بلڈنگ انسپکشن کو 24 شکایات موصول ہوئی تھیں۔

حکام کے مطابق شکایات میں کہا گیا تھا کہ یہ نیا لوگو بلا اجازت لگایا گیا جو کہ لوگوں کے لیے خطرہ ہے، جبکہ اس کی جلتی بجھتی روشنیوں سے عمارت کے قریب رہائش پذیر لوگوں کے لیے سونا مشکل ہوگیا ہے۔

ایکس ہیڈ کوارٹرز کے پڑوسیوں کا کہنا تھا کہ ایکس لوگو کی جلتی بجھتی روشنیوں سے روزمرہ کے کام متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ بزرگ افراد بھی اس کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ بلڈنگ انسپکٹرز کی جانب سے عمارت سے لوگو کو ہٹانے کی کارروائی کا جائزہ لیا گیا تھا۔

اس سے قبل 29 جولائی کو حکام کی جانب سے ایکس کارپوریشن کو ہیڈ کوارٹر پر بلا اجازت لوگو لگانے پر نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب ایلون مسک کی کمپنی کو حکام کی مخالفت کا سامنا ہوا ہو۔

اس سے قبل اکتوبر 2022 میں جب ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ملکیت سنبھالی تھی تو انہیں دفتر کے کمروں کو ملازمین کے لیے ہوٹل رومز میں تبدیل کرنے کے معاملے پر تحقیقات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خیال رہے کہ جولائی 2023 کے آخر میں ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا نام ٹوئٹر سے بدل کر ایکس رکھ دیا تھا جبکہ پرندے کے لوگو کو بھی ایکس سے تبدیل کر دیا تھا۔

ایلون مسک ایکس کو ایک سپر ایپ بنانا چاہتے ہیں جس میں صارفین کو میسجنگ، بینکنگ اور دیگر تمام سروسز دستیاب ہوں۔

مزید خبریں :