02 اگست ، 2023
سابق وزیراعظم عمران خان سے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی خریدنے والے عمر فاروق عدالت میں پیشی کے لیے تیار ہوگئے۔
جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے گھڑی خریدنے کے دعوے دار عمر فاروق نے کہا کہ اس کیس میں گواہی کے لیے انہیں عدالت نے طلب کیا تو وہ پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا اس وقت کے مشیر شہزاد اکبر نے رابطہ کیا اور فرح گوگی یہ گھڑی لے کر ان کے پاس آئيں، جب تصدیق کے لیے متعلقہ برانڈ کے شو روم سے رابطہ کیا تو وہاں سے پتا چلا کہ یہ اصلی گھڑی ہے جو سعودی فرمانروا نے آرڈر پر بنوائی تھی۔
دوسری جانب جرگہ ٹیم نے عمر فاروق ظہورکی گفتگو کے حوالے سے مؤقف جاننے کے لیے ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن، فرح گوگی، شبلی فراز اور شہزاد اکبر سے رابطے کی کوشش بھی کی لیکن اب تک جواب موصول نہ ہو سکا۔
جیو کے پروگرام جرگہ کا پلیٹ فارم ان محترم شخصیات کے مؤقف کے لیے حاضر ہے ۔