کمسن ملازمہ پر تشدد کا کیس: ملزمہ شامل تفتیش نہ ہوئی

ملزم پارٹی کی جانب سے آج شام تک شامل تفتیش ہونے کا امکان ہے/ اسکرین گریب
ملزم پارٹی کی جانب سے آج شام تک شامل تفتیش ہونے کا امکان ہے/ اسکرین گریب

اسلام آباد میں کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کرنے والی سول جج کی اہلیہ ملزمہ سومیہ شامل تفتیش نہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملزمہ عدالت کی جانب سے حفاظتی ضمانت ملنے کے باوجود  تفتیش میں شامل نہ ہوئیں تاہم  ملزم پارٹی کی جانب سے آج شام تک شامل تفتیش ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس کی انکوائری  کیلئے پولیس نے 6 رکنی خصوصی  ٹیم بنادی ہے  جس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کریں گے جب کہ ٹیم میں ایس پی سوہان اور دیگر افسران بھی شامل ہیں۔

آئی جی اسلام آباد کی جانب سے کیس کی شفاف تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں گھریلو تشدد کا شکار  بچی گزشتہ کئی روز سے لاہور کے جنرل اسپتال میں زیر علاج ہے ،  بچی کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سمیت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق بھی نوٹس لے چکی ہے۔

چند روز قبل اسلام آباد کی سیشن عدالت نے کمسن گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کیس میں سول جج عاصم حفیظ کی اہلیہ ملزمہ سومیہ عاصم کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرلی  تھی۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے جنرل اسپتال جا کر گھریلو تشدد کا شکار بچی رضوانہ کی عیادت کی اور ڈاکٹرز سے ان کی صحت کے بارے میں بھی گفتگو کی تھی۔

مزید خبریں :