06 اگست ، 2023
ایپل ستمبر میں اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم (آئی او ایس) 17 کو لانچ کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جو آئی فونز میں بہت ساری نئی خصوصیات متعارف کرائے گا، لیکن اس اپ ڈیٹ سے آئی فون کے کچھ ماڈلز کی قدر میں 50 فیصد تک کمی ہوجائے گی۔
برطانوی جریدے ڈیلی میل میں شائع رپورٹ کے مطابق 2017 میں متعارف کرائے گئے آئی فون 8 اور آئی فون ایکس (10) آئی او ایس 17 کو سپورٹ نہیں کریں گے ، اسی کے پیشِ نظر ٹیکنالوجی کے ماہرین صارفین پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ستمبر سے پہلے ڈیوائسز کو فروخت کرکے آئی فون ماڈلز تبدیل کریں۔
کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو آپ فون کے بہت سے نئے اور اہم فیچرز سے محروم رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق فی الحال آئی فون ایکس کی ٹریڈ ان ویلیو 190 ڈالر جب کہ آئی فون 8 کی 90 ڈالر اور آئی فون 8 پلس کی 152 ڈالر ہے۔
پچھلے سال آئی او ایس 16 کے آنے کے بعد آئی فون 7 پلس کی ٹریڈ اِن ویلیو جون 2022 میں کم ہو کر 80 ڈالر رہ گئی تھی جب کہ آئی فون 6 ایس پلس 94 ڈالر سے کم ہو کر 47 ڈالر کا ہوگیا تھا۔
اگر آئی فون ایکس کی بات کی جائے تو اسے 2017 میں اس وقت ریلیز کیا تھا جب ایپل کے آئی فون کی 10 ویں سالگرہ تھی، اس آئی فون میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے تھے جو اس سے قبل کسی آئی فون میں نہیں تھے، جیسا کہ اس میں ٹچ آئی ڈی کے بجائے فیشل آئی ڈی کا اضافہ کیا گیا۔
ایپل کے مطابق دنیا بھر میں آئی فون 8 اور 8 پلس کی 8 کروڑ 63 لاکھ ڈیوائسز فروخت ہوئیں جس کے بعد یہ فون سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز کی فہرست میں شامل ہوگیا تھا۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ آئی فون 8 اور آئی فون 10 فروری 2020 سے مارکیٹ میں نہیں آرہے، تاہم اب ان دونوں آئی فونز کی قیمتیں 50 فیصد تک گرنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 17 آئی فون 8 اور آئی فون 10 پر کام نہیں کرے گا، جس کا مطلب یہ ہے کہ فون پر نئے فیچرز متعارف نہیں ہوسکیں گے۔
اس کے علاوہ ضروری سکیورٹی اپ ڈیٹس بھی موصول نہیں ہوسکیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی او ایس 17 میں چائلڈ پروٹیکشن سمیت کئی شاندار فیچرز متعارف کرائیں جائیں گے، جن میں اسٹینڈ بائی موڈ بھی شامل ہے۔
آئی او ایس 17 میں کی بورڈ اپ ڈیٹس سمیت آٹو کریکٹ کا آپشن بھی دیا جائے گا، اس آپریٹنگ سسٹم میں نیم ڈارپ آپشن کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے، جس کے تحت صارفین آسانی سے ایک دوسرے سے اپنی کانٹیکٹ انفارمیشن شیئر کر پائیں گے۔
اس اپ ڈیٹ کے بعد صارفین اپنا پوسٹر بھی بنا سکیں گے جو کہ کال کے وقت دوسرے صارف کی اسکرین پر نظر آئے گا۔