کھیل

فیفا ویمنز ورلڈ کپ: اسپین اور جاپان نے کوارٹر فائنلز کیلئے کوالیفائی کرلیا

’گروپ سی‘ کی نمبر 2 ٹیم اسپین نے ’گروپ اے‘ کی ٹاپ ٹیم سوئٹزر لینڈ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا— فوٹو: راےٹرز
’گروپ سی‘ کی نمبر 2 ٹیم اسپین نے ’گروپ اے‘ کی ٹاپ ٹیم سوئٹزر لینڈ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا— فوٹو: راےٹرز

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں جاری فیفا ویمنز ورلڈ کپ میں اسپین اور جاپان کی ٹیموں نے کوارٹر فائنلز کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ کے  ایڈن پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں  اسپین نے سوئٹزز لینڈ کو 1-5 سے جبکہ نیوزی لینڈ ہی کے ویلنگٹن اسٹیڈیم میں جاپان نے ناروے کو 1-3 سے شکست دے کر ٹاپ ایٹ میں جگہ بنائی۔

’گروپ سی‘ کی نمبر 2 ٹیم اسپین نے ’گروپ اے‘ کی ٹاپ ٹیم سوئٹزر لینڈ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا،  اسپین کی بون متی  نے دو گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو پہلی بار  کوارٹر  فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پری کوارٹر فائنلز میں اسپین اور سوئٹزر لینڈ کے میچ کو دیکھنے کیلئے ریکارڈ 43 ہزار سے زائد شائقین  اسٹیڈیم میں موجود رہے۔

میچ میں اسپین کی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے ہاف میں ہی مخالف ٹیم کو 1-4  کے بوجھ تلے دبا دیا جس کے بعد سوئٹزر لینڈکے کھلاڑی مکمل دباؤ کا شکار ہوگئے۔

سوئٹزر لینڈ کی جانب سے میچ کا پہلا گول کرکے 0-1 کی برتری حاصل کرنے کے باجود ٹاپ ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور اسپین کی ٹیم پہلے ہاف کے دوران 4 گول کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ میچ کے دوسرے ہاف میں اسپین کی جینی نے ٹیم کیلئے پانچواں گول اسکور کیا۔

ویمنز ورلڈ کپ میں 2015 کے بعد پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے پہلے ہاف میں 4 گول کیے ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کےہی  ویلنگٹن اسٹیڈیم میں جاپان اور ناروےکے درمیان کھیلا گیا میچ بھی کافی دلچسپ رہا، ناروے کی اینجن کے اون کی بدولت جاپان کو 0-1 کی برتری حاصل ہوئی تاہم  ناروے کی ریٹن نے 20ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ 1-1  سے برابر کردیا۔

دوسرے ہاف کے آغاز پر ہی جاپان کی شی میزو نے گول کرکے ٹیم کی برتری 1-2 اور  81 ویں منٹ میں میازاو نے جاپان کا تیسرا گول اسکور کرکے ٹیم کی فتح میں کردار ادا کیا۔

کوارٹر فائنل کیلئے 11 اگست کو اسپین کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا جبکہ جاپان دفاعی چیمپئن امریکا کو شکست دینے والی سویڈن سے کوارٹر فائنل کھیلے گا۔

مزید خبریں :