Time 07 اگست ، 2023
پاکستان

قومی اسمبلی نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل سمیت 9 بل منظور کرلیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے  آج  آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل سمیت 9 بل منظور کرلیے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں منعقد ہوا۔

 قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی عدالتی کارروائی کی خدمت بل 2023 منظور کرلیا گیا، یہ بل وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔

اجلاس میں آفیشل سیکرٹ ترمیمی بل ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا گیا، یہ بل بھی وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کارپوریشن تبدیلی،ترمیمی بل 2023 بھی کثرت رائے سے منظورکر لیا گیا، یہ بل بھی وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔

قومی اسمبلی نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن ترمیمی بل 2023 بھی منظور کرلیا، یہ بل وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر نے پیش کیا۔

جے یو آئی کی رکن عالیہ کامران کی طرف سے بل میں پیش کی گئی ترمیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئی۔

اس موقع پر  وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس،سائنس و ٹیکنالوجی اسلام آباد ترمیمی بل 2023 بھی منظور کرلیا گیا، یہ بل وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین نے پیش کیا۔

بعد ازاں باہمی مشاورت کے بعد وزیر قانون نے قومی کمیشن برائے اقلیتی بل 2023 ترامیم کے ساتھ پیش کیا، ایوان نے بل کی ترامیم کے ساتھ منظوری دے دی، قومی کمیشن برائے اقلیتی بل میں اقلیتی اراکین کی ترامیم منظور کی گئیں۔

اجلاس میں فیڈرل سروس کمیشن ترمیمی بل 2023 بھی منظور کر لیا گیا، یہ بل وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ پروونشل پرافٹنگ اینڈ ہورڈنگ بل 2023 منظور کر لیا گیا، بل وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے پیش کیا۔

مزید خبریں :