08 اگست ، 2023
لاہور: ڈرون کے ذریعے ہیروئن بھارت اسمگل کرنے والا نیٹ ورک بےنقاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہیروئن بھارت اسمگل کرنے والے نیٹ ورک میں ایک پولیس اہلکار شرافت بھی شامل ہے جو ڈی سی آفس مال خانےکے برانچ میں تعینات تھا، اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ہیروئن بھارت اسمگل کرنے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا جاتا تھا، سرحدی علاقے میں چھاپا مار کر ہیروئن برآمد کرلی گئی ہے اور ہیروئن اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جانے والا ڈرون بھی قبضہ میں لےلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کی شناخت عبدالرزاق، جیدا، شرافت، مصطفیٰ اور اعجاز ڈیال کے نام سے ہوئی ہے، ان منشیات اسمگلروں کے گروہ کو سرحد پار سے سپورٹ حاصل ہے۔
اے این ایف ذرائع کا کہنا ہےکہ اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کارروائی کے دوران فرار ہوگئے تھے۔