کھیل
Time 09 اگست ، 2023

تینوں فارمیٹ کا ایک ہی کپتان ہونا چاہیے: چیف سلیکٹر انضمام الحق

میرے پچھلے دور  میں سرفراز احمد  تینوں فارمیٹ کےکپتان بنے تھے، ویسے کپتان کی تقرری میرے دائرہ اختیار میں نہیں: سابق کپتان— فوٹو: پی سی بی
میرے پچھلے دور میں سرفراز احمد تینوں فارمیٹ کےکپتان بنے تھے، ویسے کپتان کی تقرری میرے دائرہ اختیار میں نہیں: سابق کپتان— فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر  انضمام نے ایشیا کپ اور افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

لاہور  میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ شان مسعود اچھا پرفارمر ہے لیکن حالیہ پرفارمنس اچھی نہیں تھی، فہیم اشرف کو فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کی وجہ سےترجیح دی گئی، 17 کھلاڑی ایشیا کپ کیلئے ہوں گے، سعودشکیل صرف افغانستان سے سیریز کیلئے ہوں گے، ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی ٹیم میں سعود شکیل کا نام شامل نہیں۔

انضمام الحق نے کہا کہ فاسٹ بولر زمان خان کا 50 اوورز کا زیادہ تجربہ نہیں لیکن وہ پاکستان کیلئے اثاثہ ہیں۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ مکی آرتھر کے ساتھ پہلے بھی کام کیا، مکی آرتھر اور بابراعظم کیلئے پلیئنگ الیون کا کام چھوڑ دینا چاہیے، اگر مشورے کی ضرورت پڑی تو ضرور مشورہ دوں گا، کپتانی کرنے سےآتی ہے اور بابر اچھی کپتانی کر رہا ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ تینوں فارمیٹ کا ایک ہی کپتان ہونا چاہیے اگر وہ تینوں فارمیٹ کھیلتا ہے، میرے پچھلے دور  میں سرفراز احمد  تینوں فارمیٹ کےکپتان بنے تھے، ویسے کپتان کی تقرری میرے دائرہ اختیار میں نہیں۔

انضمام الحق نے مزید کہا کہ ایک سلیکشن ٹیم کا بھی اعلان جلد کیا جائےگا، سلیکٹرز تمام کھلاڑیوں کو  ڈومیسٹک میں کھیلتا ہوا دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی ٹیم کو آسان نہیں لیا جاسکتا، کھلاڑیوں کو اس لیےآرام نہیں کرایا جاسکتا کہ افغانستان سے مقابلہ ہے، اگر کسی کھلاڑی کو ریسٹ کی ضرورت ہےتو ضرور دینا چاہیے۔

فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی


مزید خبریں :