پاکستان

خیبر پختونخوا کابینہ کے 19 اراکین نے استعفے نگران وزیراعلیٰ کو پیش کردیے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پشاور: نگران  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نے صوبائی کابینہ سے استعفے مانگ لیے۔

ذرائع کے مطابق غیر تسلی بخش کارکردگی پر خیبرپختونخوا کے نگران  وزرا سے استعفے مانگےگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  خیبرپختونخوا کے بیشتر نگران  وزرا نے استعفے جمع بھی کروا دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 19 کابینہ اراکین نے استعفے نگران وزیراعلیٰ کو پیش کردیے ہیں جب کہ 8 اراکین نے استعفے ابھی تک وزیراعلیٰ کے پاس جمع نہیں کرائے۔

خیال رہے کہ  تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کیے جانے کے بعد  21 جنوری 2023 کو  اعظم خان کو  نگران  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تعینات کیا گیا تھا اور انہوں  نے اسی روز   اپنے عہدے کا  حلف اٹھایا تھا۔

26 جنوری کو  گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے گورنر ہاؤس میں نگران کابینہ سے حلف لیا تھا۔

31 جولائی کو الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو کابینہ سے سیاسی وابستگی رکھنے والے وزرا کو ہٹانےکا کہا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو خط میں کہا گیا تھا کہ کچھ وزرا، مشیر  اور معاونین خصوصی کو سیاسی وابستگی پر بھرتی کیا گیا، سیاست میں ملوث وزرا، معاونین  اور  مشیروں کو فوری ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔

خط میں قرار دیا گیا کہ بعض وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کا رویہ نگران حکومت کی روح کے منافی ہے۔الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کو کم سے کم کریں۔

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانےکا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :