31 جولائی ، 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان کوکہا ہے کہ سیاست میں ملوث وزرا، معاونین اور مشیروں کو فوری ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کو خط میں کہا گیا کہ کچھ وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی کو سیاسی وابستگی پر بھرتی کیا گیا، شاہد خٹک کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نگران وزیر شاہد خٹک نے الیکشن کمیشن کے حکم کی تعمیل پر استعفیٰ دیا، نگران کابینہ کے بعض افراد میڈیا پر اپنی سیاسی وابستگی کا اظہار کررہے ہیں۔
خط میں قرار دیا گیا کہ بعض وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کا رویہ نگران حکومت کی روح کے منافی ہے۔
الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کو کم سے کم کریں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے میں شرکت اور خطاب پر نوٹس لیا تھا اور انہیں وزارت سے ہٹانے کا حکم دیا تھا۔