15 اگست ، 2023
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی دونوں کو خطرناک بولر قرار دیتے ہوئے دونوں کا سامنا نہ کرنے کو ترجیح دے دی۔
حال ہی میں دیے گئے ایک ڈیجیٹل انٹرویو میں روہت شرما کیلئے مشکل بولر کا سوال کرتے ہوئے آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور شاہین آفریدی کے نام رکھے گئےتھے جس کے جواب میں روہت شرما نے بجائے کسی ایک بولر کے نام کا انتخاب کرنے دونوں کو خطرناک بولر قرار دیا۔
اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر میں مچل اسٹارک سمیت شاہین آفریدی جیسے کوالٹی بولر کا کئی بار سامنا کرنے والے روہت شرما کا کہنا تھا کہ خاص طور پر جب بات ہو نئے بال کی تو وہ دونوں بولرز میں کسی ایک کانام نہیں لے سکتے لہٰذا دونوں کا سامنا نہ کرنے کو ترجیح دوں گا۔
بھارتی کپتان کا کہنا تھا دونوں بولر ز اپنی بال سوئنگ کے ذریعے بیٹسمین کو مشکل میں ڈال دیتے ہیں لہٰذا دونوں ہی کوالٹی بولرز ہیں جو مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ایشیا کپ کو چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا تھاکہ ایونٹ میں کوالٹی ٹیموں کا سامنا کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ ہم جیتنا چاہتے ہیں لیکن کئی سوال حل طلب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کیلئے کوالٹی ٹیموں کا سامنا کرنا ہے جس کیلئے میں ایشیا کپ میں کوالٹی ٹیموں کے خلاف بھارتی کھلاڑیوں کو پریشر میں اچھا کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں۔