Time 17 اگست ، 2023
پاکستان

جڑانوالہ واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا: دفتر خارجہ

وزیراعظم نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے: ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو سوشل میڈیا
وزیراعظم نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے: ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو سوشل میڈیا

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم پاکستان نے فیصل آباد میں ہونے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مسیحی برادری کو اعلیٰ سطح کی تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پورے ملک کے عوام مسیحی برادری سے سلوک پر دکھی ہیں، اس واقعے میں ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب فیصل آباد پولیس نے جڑانوالہ میں مساجد میں اعلانات کر کے عوام کو اشتعال دلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

پولیس کا دیگر ملزمان تک پہنچنے کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب تک 100 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے دو مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، 37 نامزد اور 600 سے زائد نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات میں انسداد دہشت گردی اور توہین مذہب سمیت 13 سے زائد دفعات لگا دی گئی ہیں۔

کشیدہ صورتحال کے باعث جڑانوالہ شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور رینجرز کی دو کمپنیاں مختلف مقامات پر تعینات کی گئی ہیں جبکہ فیصل آباد میں تاحکم ثانی دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جڑانوالہ میں مشتعل ہجوم نے توہینِ مذہب کا الزام لگا کر 4 گرجا گھروں سمیت مسیحی برادری کے درجنوں مکانات اور گاڑیاں اور مال و اسباب کو جلا دیا تھا۔

مزید خبریں :