17 اگست ، 2023
فیصل آباد: جڑانوالہ میں گزشتہ روز جلاؤ گھیراؤ کے دوران مسیحی خاندانوں کی رات کھیتوں میں گزارنے کی تصاویر سامنے آگئیں۔
مسیحی خاندانوں نے اپنی جانیں بچانےکے لیے رات ویرانے اورکھیتوں میں گزاری۔
گھر چھوڑ کر کئی خاندانوں کو اپنے عزیزواقارب کے پاس دیگر علاقوں میں منتقل ہونا پڑا۔
پولیس کے مطابق جڑانوالہ میں امن و امان بہتر ہونے پرمتاثرہ خاندانوں کی واپسی جاری ہے۔
دوسری جانب جڑانوالہ میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعےکی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق 16 گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی۔
اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق صبح 8 بج کر 15 منٹ پر 70 سے 80 افراد نے احتجاج شروع کیا اور کاروباری مراکز بند کرائے، شہر اور کئی دیہات کی مساجد میں اعلانات کے بعد لوگ جڑانوالہ پہنچے۔
رپورٹ کے مطابق کرسچن کالونی میں 11بجے مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی، چرچ اور گھروں کو آگ لگائی، مشتعل مظاہرین نے اسسٹنٹ کمشنر کےگھر کو بھی آگ لگائی، مظاہرین نے عیسیٰ نگری میں 15 گھروں اور 3 گرجا گھروں کو آگ لگائی، پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
پولیس کے مطابق جڑانوالہ میں توہین مذہب کے مبینہ واقعے میں مشتعل افراد نے گزشتہ روز گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکانات،گاڑیاں اور مال و اسباب جلادیے تھے۔
ویڈیو کی مدد سے اعلانات کرکے لوگوں کو اشتعال دلانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ ویڈیوز کی مدد سے فسادات میں ملوث مزید ملزمان کی شناخت اور گرفتاریوں کی کوشش جاری ہے۔
واقعے میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے ایڈیشنل کمشنر ریونیو کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی املاک اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لے کر 3 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔