06 جنوری ، 2013
اسلام آباد…راولپنڈی، اسلام آباد میں شدید دھند کے باعث بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رن وے عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے جس سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔ ایئر پورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد آنے والی پروازوں کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا گیا ہے جس سے مسافروں اور ان کے عزیز و اقارب کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسی طرح موٹر وے پر اسلام آباد ٹول پلازہ کے 5 کلومیٹر کے علاقہ کے اردگرد اور ترنول تک شدید دھند ہے اور حد نگاہ 10 میٹر ہے۔ دھند کے باعث تھانہ کوہسار کے علاقہ میں ایک گاڑی ہوٹل میں جا گھسی ، جس سے 3افراد زخمی ہوگئے جن کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راول پنڈی ، اسلام آباد اس وقت شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں اور یہ سلسلہ رات بھر جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے ، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں دھند کا سلسلہ اگلے چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔