18 اگست ، 2023
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس شروع ہوچکا ہے۔
کابینہ اجلاس کی صدارت نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کررہے ہیں جبکہ نگراں وفاقی کابینہ کے تعارفی اجلاس میں اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
گزشتہ روزایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر عارف علوی نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا تھا، وفاقی کابینہ میں 16 وزیروں کے علاوہ 6 معاونین خصوصی اور 3 مشیر بھی شامل ہیں۔
شمشاد اختر نے وزارت خزانہ اور سرفراز بگٹی نے وزارت داخلہ کی اہم ذمے داریاں سنبھال لی ہیں جب کہ جلیل عباس جیلانی کو وزارت خارجہ کی اہم ذمے داری مل گئی تھی۔
لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدرکو وزیر دفاع ،گوہر اعجاز کو وزیر تجارت، ڈاکٹر ندیم جان کو وزیرصحت اور انیق احمد کو مذہبی امور کا وزیر بنایا گیا ہے جب کہ مرتضیٰ سولنگی کو وزیر اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔
مصور و اداکار جمال شاہ کو ثقافت اور احمد عرفان کو قانون کا قلم دان سونپ دیا گیا ہے جب کہ سرفراز بگٹی کے پاس انسداد منشیات اور سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت بھی ہوگی۔
انور علی حیدر کے پاس ایوی ایشن کا اضافی قلمدان ہوگا جب کہ عمر سیف کے پاس آئی ٹی اور خلیل جارج انسانی حقوق کے وزیر ہوں گے۔