18 اگست ، 2023
نامور عالم دین مفتی تقی عثمانی نے جڑانوالہ واقعے پر ردعمل میں کہا ہےکہ اسلام میں ایسی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ جڑانوالہ کا واقعہ پوری قوم کے لیے شرمناک ہے، اگر کسی نے کوئی گستاخی کی ہے تو اس کا قانونی راستہ موجود ہے۔
مفتی تقی عثمانی نے لکھا کہ اسکے ردعمل میں گرجا گھروں کو جلانے یا پرامن عیسائی شہریوں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا انتہائی قابل مذمت ہے، اسلام میں ایسی حرکتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں 4 گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
ویڈیو کی مدد سے اعلانات کرکے لوگوں کو اشتعال دلانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ویڈیوز کی مدد سے فسادات میں ملوث مزید ملزمان کی شناخت اور گرفتاریوں کی کوشش جاری ہے۔