جڑانوالہ کے خلیل نے جان داؤ پر لگا کر مسیحی پڑوسن اور انکے گھر کو کیسے بچایا؟

جڑانوالہ کے خلیل عرفان نے مسیحی عبادت گاہوں اور مکانوں پر حملوں کے دوران اپنی جان داؤ پر لگا کر  انسانیت کی لاج رکھ لی۔

16 اگست کو جب جڑانوالہ کی کرسچن کالونی میں جلاؤ گھیراؤ اور مسیحی خاندانوں کے گھروں پر حملے ہو رہے تھے تو ایسے میں ملک خلیل عرفان اپنی منہ بولی مسیحی بہن جوزفین کی حفاظت کے لیے سینہ تان کر کھڑے ہوگئے۔

خلیل عرفان نے جوزفین اور ان کے بچوں کو اپنے گھر پناہ دے کر حملہ آوروں سے بچایا، جوزفین نے اس حوالے سے بتایا کہ جب ہم پر حملہ ہوا تو اس عالم میں میرے مسیحی بہن بھائیوں کے ساتھ میرے مسلم بہن بھائی ایسے تھے جنہوں نے ہماری مدد کی۔

جوزفین کے مطابق حملہ ہوتے ہی ملک خلیل نے ہمیں فون کیا کہ آپ اپنے بچوں کو لے کر ہماری طرف آجائیں۔

ملک خلیل جوزفین کو پناہ دینے کے بعد ان کے گھر کے باہر جائے نماز لیے کھڑے ہوگئے اور گھر کو جلنے سے بچایا، ملک خلیل نے بتایا کہ میں ان کے گھر کے باہر کھڑا ہوا اور جائے نماز گھر کے باہر لٹکا دی۔

امن قائم ہونے کے بعد جوزفین اب اپنے گھر آچکی ہیں اور ملک خلیل کی مشکور ہیں جنہوں نے ان کی جان سمیت گھر بچایا۔

مزید خبریں :