عمران خان کو جیل میں نیا باتھ روم، میز، کرسی اور دیگر سہولیات دیدی گئیں

عمران خان کیلئے بنائے گئے باتھ روم میں باتھ سوپ ، پرفیوم، ائیر فریشنر، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں: ترجمان محکمہ جیل خانہ جات/ فائل فوٹو
عمران خان کیلئے بنائے گئے باتھ روم میں باتھ سوپ ، پرفیوم، ائیر فریشنر، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں: ترجمان محکمہ جیل خانہ جات/ فائل فوٹو

محکمہ جیل خانہ جات کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی  عمران خان کو جیل قوانین کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں جس میں  نیا باتھ روم بھی بنوا دیا  گیا ہے جس کی دیواریں 5 فٹ اونچی ہیں ۔

ایڈیشنل سیشن جج کے دورہ اٹک جیل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان محکمہ جیل خانہ جات نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کےکمرے میں نیا واش روم بنایا گیا ہے جس کی دیواریں 5 فٹ اونچی ہیں اور نیا دروازہ بھی لگایا گیا ہے، واش روم میں ویسٹرن کموڈ اور  واش بیسن بھی ہے۔

ترجمان محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق عمران خان کیلئے بنائے گئے باتھ روم میں باتھ سوپ ، پرفیوم، ائیر فریشنر، تولیہ اور ٹیشو پیپر بھی موجود ہیں،کمرے میں بیڈ ، تکیہ ، میٹرس، میز ، کرسی، ائیر کولر ایگزاسٹ فین بھی موجود ہے، فروٹ، شہد، کھجوریں، جائے نماز انگریزی ترجمے والا قرآن مجید اورکتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے 5  ڈاکٹر تعینات ہیں جن کی چیکنگ کے بعد عمران خان   کو اسپیشل خوراک دی جاتی ہے، سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بر آمد ےمیں نصب ہیں۔

منگل کو فیملی اور جمعرات کو وکلا سے عمران خان کی ملاقات کرائی جاتی ہے۔

خیال  رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان توشہ خانہ کیس میں سنائی جانے والی 3 سال قید کی سزا اٹک جیل میں کاٹ رہے ہیں۔

مزید خبریں :