24 اگست ، 2023
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آئینی طور پر صدر کی دی ہوئی تاریخ کے مطابق الیکشن کروانے کا پابند ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ صدر مملکت 90 دن میں الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار رکھتے ہیں، صدر مملکت چیف الیکشن کمشنر سے مشاورت کے بعد الیکشن کی تاریخ کا اعلان کردیں، اس کے بعد الیکشن کروانا حکومت کا کام ہے، چیف الیکشن کمشنر آئینی طور پر صدر کی دی ہوئی تاریخ کے مطابق الیکشن کروانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن افرادی قوت اور وسائل بڑھا کر حلقہ بندیاں 90 دن کے اندر کرلے۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دنیا میں ہر جگہ پاکستان کی مٹی پلید کررہی ہے، پی ٹی آئی لیڈر ہر غیرملکی سفیر کے سامنے پاکستان کےخلاف بات کررہے ہیں، مزہ تب آئے پی ٹی آئی والے سامنے آکر یہ گفتگو فرمائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہے وہ بڑے فیصلے کرسکتی ہے، نگران حکومت کو اگلے 15 دن میں گیس کی یکساں قیمت کردینی چاہیے، اس طرح گیس کے شعبے میں گردشی قرضے کا بوجھ ختم کیا جاسکتا ہے۔