24 اگست ، 2023
قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہےکہ بھارتی ٹیم مڈل اوورز میں مضبوط ٹیم ہے لہٰذا پاکستان ٹیم کو اس دوران اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
حال ہی میں ڈیجیٹل میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران ایشیاکپ میں پاک بھارت ٹاکرے پر پر بات کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ ایشیاکپ میں پاکستان کی فتح کے چانسز زیادہ ہیں کیوں کہ ہمارا فاسٹ بولنگ اٹیک بہترین ہے، اگر پاکستان کی بیٹنگ لائن کی بات کریں تو پاکستان کے تین کھلاڑی فخر، بابر اور امام الحق بہترین بیٹسمین ہیں، دوسری جانب شاہین شاہ ، حارث، نسیم اور محمد نواز پاکستان کی بولنگ لائن کیلئے اہم ہیں اس لیے دوسری طرف بھارتی ٹیم مشکل میں دکھ رہی ہے۔
11 سے 40 اوورز کے دوران ہمارے بولرز کو اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی: راشد لطیف
پاک بھارت ٹاکرے پر بات کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کی بیٹنگ پاور پلے کے دوران سلو ہے، پاور پلے میں ہماری بولنگ اچھی ہوتی ہے لیکن ڈیتھ اوورز میں ہمارے پاس پاور ہٹرز کی کمی ہے، 11 سے 40 اوورز کے دوران ہمارے بولرز کو اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی کیوں کہ ان اوورز میں ہم وکٹس مشکل سے نکال پاتے ہیں لہٰذا ہمیں بھارت سے مقابلے کے وقت ان اوورز میں اچھا کھیلنا ہوگا کیوں کہ بھارتی ٹیم مڈل اوورز میں بہت مضبوط ہے اور ون ڈے کا گیم مڈل اوورز میں ہی سیٹ ہوتا ہے۔
راشد لطیف نے پاکستانی کپتان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم نے جو پاکستان ٹیم کیلئے کردیا ہے وہ ایک ٹریڈ پلیئر کی نشانی ہے جس طرح بابر بار بار رنز کرتا ہے اس نے ان لوگوں کو غلط ثابت کردیا جو کہتے تھے کپتان بننے کے بعد بابر کی پرفارمنس میں کمی آئے گی، یہی نہیں بابر کی کپتانی بھی میچور ہوگئی ہے، بابر اب 2 سال پہلے والے بابر سے بہت بدل گیا ہے۔