Time 24 اگست ، 2023
پاکستان

سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک مؤخر

توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے رکن جسٹس مظاہر نقوی لاہور روانہ ہو گئے: ذرائع۔ فوٹو فائل
توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے رکن جسٹس مظاہر نقوی لاہور روانہ ہو گئے: ذرائع۔ فوٹو فائل

سپریم کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت اگلے ہفتے تک مؤخر ہو گئی۔

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔

آج کیس کی سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ معاملے کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے سسٹم کی یہی خوبصورتی ہے کہ ہر کیس ایک باقاعدہ طریقے کے بعد سپریم کورٹ میں آتا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک کیس کی سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کے خلاف درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے اور کل بھی الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔

آج کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے وکیل نے استدعا کی کہ چونکہ ملزم اب مجرم بن چکا ہے اور ریاست کی تحویل میں ہے لہذا ریاست کو بھی اس کیس میں فریق بنا کر ان کا مؤقف سنا جائے۔

اب ذرائع کا بتانا ہے کہ سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت آج نہیں ہو گی، توشہ خانہ کیس کی سماعت کرنے والے بینچ کے رکن جسٹس مظاہر نقوی لاہور روانہ ہو گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے عدالتی عملے کی بھی چھٹی ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت اب آئندہ ہفتے ہو گی۔

مزید خبریں :