Time 25 اگست ، 2023
پاکستان

جج ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی کیوں بنایا گیا؟ اصل وجہ سامنے آ گئی

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) بنانے بنانے کی اصل وجہ سامنے آ گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی ہدایت پر ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعینات کرتے ہوئے فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جیو نیوز ہمایوں دلاور کو او ایس ڈی بنانے کی اصل وجہ سامنے لے آیا۔

اعلیٰ عدالتی ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور برطانیہ میں ہیومن رائٹس اور رول آف لا سے متعلق جوڈیشل ٹریننگ میں شرکت کے بعد واپس آئے تو انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کو خط لکھا جس میں خود کو درپیش سکیورٹی خدشات سے آگاہ کیا۔

انہیں خدشہ تھا کہ کچھ شرپسند عناصر کی جانب سے ان کی کورٹ میں ہنگامہ آرائی سمیت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے، ہمایوں دلاور کو برطانیہ میں ٹریننگ کے دوران بھی احتجاج اور تھریٹس کا سامنا تھا۔

پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لندن میں بھی جج کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کرتے ہوئے ان تک پہنچنے کی کوشش کی تاہم برطانوی پولیس نے مظاہرین کی جج تک رسائی کو ناکام بنایا تھا۔

ذرائع کے مطابق ہمایوں دلاور کو ان کے اپنے سکیورٹی خدشات کے باعث ہائی کورٹ میں پوسٹ کیا گیا ہے، ہائی کورٹ نے جوڈیشل افسر کی زندگی کو درپیش خطرات کے باعث جج کی سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا۔

خیال رہے کہ جج ہمایوں دلاور نے 5 اگست کو توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سزا سنائی تھی۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد سے وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔

آج ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی) بنا دیا گیا۔

مزید خبریں :